پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت پر ردعمل دیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں عمر ایوب نے اسرائیلی حملوں میں حسن نصر اللّٰہ کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ مزاحمتی تنظیم کے شہید رہنما اپنے مقاصد میں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ حسن نصراللّٰہ دشمن کے سامنے غزہ کے عوام کی مضبوط ترین ڈھال تھے، وہ ظلم و ناانصافی کے خلاف استقامت کے ساتھ کھڑے رہے۔
عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ اسرائیلی مظالم، بربریت اور دہشت گردی کے خلاف اقوام عالم ایکشن لے، سلامتی کونسل اسرائیلی دہشت گردی رکوانے کےلیے مداخلت کرے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملے آزادی اور خود مختاری کے خلاف ہیں، حملہ مشرق وسطیٰ کو خطرناک جنگ میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔