لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹینس سٹار اعصام الحق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے۔ اعصام الحق اگلے 4 سال کیلئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے ۔اعصام الحق قریشی 8 ووٹ لے کر ٹینس فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے، ان کے مدمقابل اصغر نواز 15 میں سے 7 ووٹ لے سکے۔کرنل (ر) ضیا سیکرٹری جنرل اور عارف قریشی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔الیکشن کمشنر کے فرائض سابق چیف سیکرٹری شکیل درانی نے سر انجام دئیے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کا الیکشن لڑنے کے فیصلے کے بعد اعصام الحق نے سٹیک ہولڈرز کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ ٹینس کھیل کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، خواہش ہے ہمارے نوجوان کھلاڑی دنیا میں ملک کا نام روشن کریں۔ اعصام الحق قریشی نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کا صدر بننے کے بعد کھیل سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیدیا۔انہوںنے کہا کہ 44 سال کا ہوجاؤں گا، ٹینس فیڈریشن کا صدر بھی بن گیا ہوں، ریٹائرمنٹ کا دیکھنا ہوگا۔تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کیلئے کچھ عرصہ مزید ٹینس کھیل سکتا ہوں۔پاکستان میں ٹینس کے کھیل پر بات کرتے ہوئے صدر پی ٹی ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹینس کا سسٹم تبدیل کرنے کی کوشش کروں گا، پاکستانی ٹینس کھلاڑیوں کا صدر بنوں گا۔ بدقسمتی سے کھلاڑیوں کا بعد میں سوچا جاتا ہے، اچھے کام بھی ہوئے لیکن پاکستان ٹینس میں بہتری کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ٹینس کا انفرا سٹرکچر بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان ٹینس فیڈریشن میں جم کی ضرورت ہے۔ غیرملکی ٹینس کوچز کو بھی پاکستان بلایا جائیگا۔ ٹینس کیلئے پاکستان میں رول ماڈل کا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ پاکستان ٹینس میں سپانسرشپ کو لانے کی ضرورت ہے، بھارت کے تمام ٹینس کھلاڑیوں کو سپانسرشپ ملی ہوئی ہے۔ ٹینس کے کھلاڑی سامنے لائیں گے تو حکومت مدد بھی کرے گی، پاکستان میں مین اور ویمن ٹینس کو مزید بہتر کرنا ہے۔ پاکستانی ٹینس کھلاڑیوں کو کھیلنے کیلئے باہر نہیں بھیجا جاتا، پاکستانی ٹینس کھلاڑیوں کو کھیلنے کیلئے باہر بھیجنے کو ترجیح دی جائیگی۔ دیگر ممالک کے ساتھ ٹینس کیلئے روابط شروع کروں گا۔حالیہ ڈیوس کپ میچز سے متعلق بات کرتے ہوئے اعصام نے کہا کہ 25 سال میں پہلی بار ڈیوس کپ میں ڈبلز نہیں کھیلا۔