مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ کوشش تھی کسی ایک پارٹی کو واضح مینڈیٹ ملے لیکن ہمیں مینڈیٹ نہیں ملا اس بات کا افسوس ہے۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سےملک میں کسی بھی سیاسی جماعت کو واضح مینڈیٹ نہیں ملا۔خواہش اور کوشش تھی کسی ایک پارٹی کو واضح مینڈیٹ ملے لیکن ہمیں مینڈیٹ نہیں ملا، اس بات کا افسوس ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہماری توقعات سے بہت کم نشستیں ملیں، سروے بتا رہے تھے کہ 85 اور 100 کے قریب نشستیں ہوں گی، جتنے سروے ہو رہے تھے ان میں ان کی نشستیں کم آئیں۔مصدق ملک نے کہا پی ٹی آئی کو سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں اپنی شکست کا اعتراف کرنا چاہئیے۔ادھرعام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ اور صلاح مشورے عروج پر پہنچ گئے۔ آئندہ بننے والی حکومت میں مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے سے متعلق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہو سکا جس کے بعد اب اسلام آباد میں سی ای سی کا اجلاس آج دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی آج اپنی جماعت کی مجلس شوریٰ کا اجلاس طلب رکھا ہے جس میں وہ اپنی جماعت کے نمایاں رہنماؤں کے سامنے موجودہ صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے اب تک ہونے والے رابطوں کی تفصیلات رکھیں گے، جس کے نتیجے میں پارٹی کی جانب سے آئندہ حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف آج لاہور میں اہم پریس کانفرنس کریں گے، شہباز شریف کی یہ پریس کانفرنس لاہور ماڈل ٹاون میں ن لیگ کے مرکزی سیکریٹریٹ میں دب ایک بجے ہوگی، جس میں مسلم لیگ ن کے صدر حکومت سازی اور الیکشن نتائج سے متعلق گفتگو کریں گے، اس کے علاوہ شہباز شریف اپنی پریس کانفرنس میں وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن سے بھی آگاہ کریں گے۔