صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے لیے علی امین گنڈا پور کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے نامزد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے لیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا .تاہم کے پی کے وزیراعلیٰ کے لیے علی امین گنڈاپور کو نامزد کر دیا ہے اور وہی خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں اور عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے۔نواز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کرنے پرجان گئے تھے کہ ہم الیکشن جیت گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہو رہا جب کہ بشریٰ بی بی کی بھی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر آج سماعت ہونی ہے۔جیل میں کسی بھی سرکاری عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی۔ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں کہتا رہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں۔ اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے۔بانی پی ٹی آئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ ہم دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں اور رؤف حسن کو ملاقات میں ان 3 جماعتوں کے سواسب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے۔