سندھ ہائی کورٹ نے عام انتخابات 2024ء کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے الزام کی درخواستیں نمٹا دی۔
عدالت کی جانب سے جماعت اسلامی کی صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں سے درخواستیں نمٹا دی گئیں۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو الیکشن پٹیشن دائر کرنے کے لیے الیکشن ٹربیونل سےرجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ توہین عدالت کی کارروائی نہیں بنتی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو جو حکم نامہ جاری کیا تھا اس پر عملدرآمد ہو چکا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولنگ کے روز نتائج کے مطابق ہم جیت چکے تھے، 9 فروری کو جاری فارم 47 میں ہرا دیا گیا، جماعت اسلامی کے امیدوار فارم 45 کے مطابق کامیاب ہوئے تھے، فارم 45 اور فارم 47 کا تضاد دور کیے بغیر جیتنے والوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، عدالت کے حکم کے باوجود الیکشن کمیشن نے تفصیلی حکم نامہ جاری نہیں کیا، چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
پی ایس 104 کے جنید مکاتی، پی ایس 123کے محمد اکبر، پی ایس 124 کے امیدوار محمد احمد، پی ایس 126کے نصرت اللّٰہ اور پی ایس 128 کے حسن نے درخواست دائر کی تھی۔