تحریک انصاف کے وکیل رہنماؤں نے جسٹس (ر) تصدیق جیلانی کو کمیشن کی سربراہی سے باز رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
جسٹس (ر) تصدق جیلانی کی معذرت سامنے آنے سے کچھ دیر قبل لاہور ہائی کورٹ کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے وکیل رہنماؤں نے انکوائری کمیشن کے خلاف جارحانہ تقاریر کی تھیں۔
سینئر وکیل رہنما حامد خان نے تصدق جیلانی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی عزت بچائیں اور حکومتی کھیل کا حصہ بننے سے باز رہیں۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ 6 ججوں کی شکایت جن ایجنسیوں کےخلاف ہے وہ وزیراعظم ہی کے ماتحت ہیں، اس لیے تصدق جیلانی حکومتی کھیل کا حصہ نہ بنیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وکلاء کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقوں کو آزادی کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔
پی ٹی آئی سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس نے 6 ججوں کو اسی ایگزیکٹو کے سامنے ڈال دیا، جس کیخلاف شکایت تھی۔