وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یا اُس کے بانی چیئرمین کا کہا قانون نہیں، آئین پر عمل ہوگا۔
سب تک نیوز سے گفتگو میں اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کے فل کورٹ کے مطالبے پر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور سینئر ججز کمیٹی کی صوابدید ہے کہ کس معاملے پر کونسا بینچ تشکیل دیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اپنے دور میں ججوں کے خلاف ریفرنس بنانے والے مشورے نہ دیں تو بہتر ہوگا۔
وزیر قانون نے یہ بھی کہا کہ ججز معاملے پر پی ٹی آئی بیانات ازخود نوٹس کو سیاست کی نذر کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو علم ہونا چاہیے 184 (3) کے تحت بینچ کی تشکیل کی گئی ہے، فل کورٹ نے ہی اعلامیہ جاری کیا تھا، جس میں تحقیقات کا کہا گیا تھا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی سے متعلق اہم معاملے پر سیاست نہ کرنا ہی ملک اور عدلیہ کےلیے اچھا ہے۔