ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل کے حوالے سے سخت ردعمل اور مؤقف کا اظہار کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملے میں 7 ایرانی فوجی افسروں کے مارے جانے کے واقعے پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بدلہ لینے کا وعدہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کا پیغام ویب سائٹ پر بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اس واقعے پر اسرائیل کو سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کو ہمارے بہادر لوگوں کے ہاتھوں سزا دی جائے گی۔ ہم انہیں اس جرم اور دوسرے جرائم پر پچھتاوا کرائیں گے۔
اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بھی اسرائیل کو سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ اس حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں ایرانی وزیرِ خارجہ امیرعبدالہیان کا کہنا تھا کہ دانشمندی کے ساتھ وقت پر جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسرائیل کے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہوگئے تھے۔