پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ججز کو جو خط موصول ہو رہے ہیں اس پر حکام کو ایکشن لینا چاہیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ججز کو خط موصول ہونا سنجیدہ معاملہ ہے اس کی تہہ تک پہنچنا چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے خط میں لکھا عدلیہ کے کام میں مداخلت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، عدلیہ میں آزاد ججز ہوں جو بغیر خوف کے فیصلے کریں، عدلیہ کی آزادی کا تحفظ کرنا سپریم کورٹ کی ذمے داری ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اس آئینی ذمے داری سے ہر صورت نبردآزما ہو گی، سپریم کورٹ کا اس معاملے پر ازخود نوٹس لینا خوش آئند عمل ہے، خط پر سپریم کورٹ کو خود انکوائری کرنی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بنائے گئے کمیشن کے پاس اختیارات سول ججز کے برابر ہوتے ہیں، سپریم کورٹ کو ایسا حکم جاری کرنا چاہیے جس سے مداخلت کو ختم کیا جا سکے۔