کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال بلوچستان ایک بار پھر دہشت گردی کے نشانے پر کیوں اور حل کیا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کارسید محمد علی نے کہا کہ کل کے اور آج کے بڑے افسوسناک واقعات ہیں۔اس کے تین پہلو ہیں اس کی ٹائمنگ،اہداف کا چناؤ اور اس کے مقاصد کیا ہیں۔ پچھلے دو ماہ سے حکمت عملی کے تحت سماجی اور سیاسی سطح پر کی جارہی تھی تاکہ دہشت گردوں کی کارروائیوں کے لئے ہمدردی پیدا کی جائے۔دہشت گرد عناصرمجیدبریگیڈ،اور بی ایل ایف کی کوشش ہے کہ جس قدر بھی انتشار برپا کیا جائے وہ کم ہے۔زیادہ ترشہریوں اور غیر بلوچوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ دفاعی افواج کے انتظام ، سیکورٹی الرٹ کی بنیاد پر ان کو تر نوالہ نہیں سمجھا گیا۔ کوشش کی گئی ہے کہ شہری آسان ہدف ہیں ان کو نشانہ بنایا جائے۔حکمت عملی کے تحت انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن بہت اہم حصہ ہے۔