لاہور ( سب تکرپورٹ+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقوں پشین اور قلعہ سیف اللہ میں انتخابی دفاتر کے قریب دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کا یہ واقعات ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے کی سازش ہیں۔ محسن نقوی کی زیر صدار ت چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے شرکاء نے کھڑے ہوکر محسن نقوی کی بے مثال کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا پنجاب میں 6بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا قیام وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کریڈٹ ہے۔ کاشف انور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا محسن نقوی نے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے شب و روز کام کر کے مثال قائم کی۔ صدر فیڈریشن آف پاکستان وویمن چیمبرز نے کہا محسن نقوی آنے والی حکومت کے لئے قابل تقلید مثالیں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کی بہتری کے لئے قابل عمل کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وویمن انٹرپرینور کے لئے ریسورس سنٹر قائم کرنے کا جائزہ لیں گے۔ قبل ازیں محسن نقوی نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا اور پولیس لائنز میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ نے رات گئے سمز لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر پراجیکٹ اور زیر تعمیر پولیس خدمت مرکز شادمان کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمز لیب وڈائیگناسٹک سنٹر کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 10روز میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے دربار حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش ؒ کمپلیکس کی توسیع کے میگا پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 6.5 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے مزار کے احاطے میں کسی چلا کر باضابطہ طورپر تعمیرات کاآغاز کیا۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کا مزار لاہور شہر کی انفرادیت او رخوبصورتی ہے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار لاکھوں عقیدت مندوں کے لئے مرجع خلائق ہے۔ پولنگ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے، دعا ہے کہ خیریت سے الیکشن ہوں۔ الیکشن کے روز اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کروں گا۔ ادھر صرف 90 روز میں جنرل ہسپتال اور گنگا رام ہسپتال کی انتہائی خراب حالت یکسر بدل گئی۔ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کے اپ گریڈڈ ایمرجنسی بلاک‘ جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹرز یونٹ اور اولڈ سرجیکل بلاک کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کے اپ گریڈڈ سی بلاک اور میڈیکل وارڈز کا بھی افتتاح کیا۔