لاہور ( سب تکرپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور نو منتخب ممبر قومی و صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان نے عام انتخابات میں ہونے والی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انشاء اللہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز کو استحکام سے ہمکنار کرنے اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنا بھرپور اور کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں جیت کے بعد سب کو باہم مل کر وطن عزیز کے لئے کام کرنا ہے۔ عبدالعلیم خان نے جیتنے والے ہر پارٹی کے تمام اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ اب ہمیں باہمی اختلافات فراموش کرتے ہوئے وسیع تر ملکی مفادات کیلئے کام کرنا ہوگا تاکہ وطن عزیز کو درست سمت پر ڈالا جا سکے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ این اے 117 اور پی پی 149 کے ہر ووٹر کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔