نتائج گواہ الیکشن شفاف درپیش خطرات پر انٹرنیٹ بند ہوا: مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری پوری کی ہے۔ انتخابات کے نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں، انتخابات کے روز شہریوں، پولنگ عملہ اور پولنگ سٹیشنوں کو درپیش خطرات کی وجہ سے موبائل سروس بند کی گئی جس کی وضاحت وزارت داخلہ کر چکی ہے، ہمارے لئے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا زیادہ اہم تھا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو انٹرویودیتے ہوئے کہی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے روز موبائل سروس کی معطلی سے متعلق وزارت داخلہ وضاحت کر چکی ہے۔ ہمارے لئے شہریوں کی زندگی زیادہ اہم تھی، شہریوں، پولنگ سٹاف، پولنگ سٹیشنوں کو خطرات لاحق تھے، شہریوں کی نقل و حمل کو محفوظ بنانا ہمارے لئے ضروری تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عمل اور الیکشن کی تاریخ پر ہمیشہ تنازعات رہے ہیں۔ 2018ء اور 2013ء کے انتخابات پر بھی تنازعات تھے۔ آئین اور قانون کے تحت انتقال اقتدار کا طریقہ کار موجود ہے۔ انتخابات کے سرکاری نتائج متعلقہ اسمبلیوں تک پہنچیں گے تو موجودہ سپیکرز اسمبلیوں کا اجلاس بلائیں گے، وزیراعظم اور وزراء اعلی جب حلف اٹھائیں گے تو نگران حکومتیں تحلیل ہو جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں