پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے آرٹیکل 45 کے تحت صدر پاکستان سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حکم کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج ہم اس ایوان کے سامنے کھڑے ہیں جس کی ذمے داری ہے کہ الیکشن شفاف ہوں، ان انتخابات میں تحریک انصاف کو ہاتھ پاؤں توڑ کر میدان میں اتارا گیا، باقیوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی گئی لیکن عوام نے چاروں شانے چت کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمہور کی آواز سننی چاہیے، ہر ادارے پر لازم ہے عوام سے وفاداری کرے، چاہے وہ عدلیہ ہو یا عسکری قیادت ہو، ہم انصاف کے متلاشی ہیں، ہم نے پچیس کروڑ کی عوام سے فیصلہ لے لیا، جمہور نے فیصلہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر وہ نہیں چل سکتے، عوام نے بانی پی ٹی آئی پر تمام کیسز کو مسترد کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ دوسری طرف مجرم کی تاج پوشی کی جا رہی ہے یہ ایوان کے ماتھے پر داغ ہے، کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے نواز شریف کیسے وکٹری اسپیچ کر رہے ہیں۔
لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ ہمارا صرف بلّا چھینا گیا ہے، ووٹ بلّے کا نہیں بانی پی ٹی آئی کا تھا، عوام نے نشان خود جا کر ڈھونڈے، سعد رفیق کو میں سلام کرتا ہوں کہ اس نے ہار تسلیم کی، میں نے سعد رفیق کو کہا کہ اپنے بڑوں کو بھی سمجھائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق ہمارے 170 امیدوار جیت رہے ہیں، یہ آزاد نہیں ہیں بلکہ ہماری جماعت پی ٹی آئی ہے، ہمیں آزاد کہنا چھوڑ دیں ہمیں یہ کہنا بھی آئین کی توہین ہے، بندر بانٹ ہو رہی ہے اقتدار کی، جمہوریت کا مذاق ہو رہا ہے، یہ کون ہوتے ہیں جب عوام نے انہیں چنا ہی نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کے بغیر نہ تو کوئی اسمبلی چل سکتی ہے نہ حکومت، یہ جمہور کی ضرورت ہے۔