پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں چھوٹی عمر میں شادی کرنے پر پچھتاوا ہے۔
ہمایوں اشرف نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
شو کے میزبان نے اداکار سے سوال کیا کہ کیا آپ کو اپنی زندگی میں کسی بات پر پچھتاوا ہے؟
ہمایوں اشرف نے اس سوال کے جواب میں بتایا کہ میں نے کبھی کسی شو میں اس حوالے سے بات نہیں کی لیکن میں اب 40 سال کا ہوں اور اب تک ایک بار شادی کرچُکا ہوں جو کہ بہت پہلے ختم بھی ہوچُکی ہے اس لیے اب جو بھی مجھ سے یہ سوال پوچھتا ہے کہ ’آپ شادی شدہ ہیں؟‘ تو میں جواب میں کہتا ہوں کہ’نہیں، میں خوش ہوں‘۔
اداکار کا جواب سن کر میزبان نے کہا کہ اس کا مطلب آپ کا پہلی شادی کا تجربہ خوشگوار نہیں تھا۔
جس پر ہمایوں اشرف نے جواب دیا کہ نہیں، میں ایسا نہیں کہہ سکتا کہ میری پہلی شادی کا تجربہ ناخوشگوار تھا لیکن وہ میری نادانی تھی کیونکہ ضروری نہیں ہے کہ زندگی میں ہر چیز کو منفی نظریے سے دیکھا جائے بلکہ انسان اپنی زندگی میں پیش آنے والے واقعات سے سبق بھی سیکھ سکتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی ضروری نہیں کہ ہر بار سامنے والے کی غلطی ہو انسان کی اپنی غلطیاں بھی ہوتی ہیں۔
اداکار نے آخر میں کہا کہ مجھے اس بات پر پچھتاوا ہے کہ میں نے شادی کرنے میں جلدی کی مجھے اس معاملے میں جلدی کرکے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے تھا بلکہ پہلے اپنی پڑھائی اور کیریئر بنانے پر توجہ دینی چاہیے تھی۔