بھارتی ڈرامہ سیریل ’سپنا بابل کا بدائی‘ میں ’سادھنا‘ کے کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ سارہ خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
حال ہی میں اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مسجدالحرام سے چند تصاویر شیئر کی ہیں۔
انہوں نے اپنی دوست کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کی اور مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ انہیں اپنے دیرینہ سوال کا جواب مل گیا ہے۔
انہوں نے اپنی تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ لوگ مقدس مقامات پر صرف اس لیے جاتے ہیں تاکہ وہاں کی تصاویر لے سکیں اور انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرسکیں یا ان مقدس مقامات پر جانے کا ان کا مقصد صرف تصاویر لینا ہی ہے؟
اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہیں اس سوال کا جواب اب مل گیا ہے اور انہوں نے لکھا کہ جب میں نے مسجدالحرام کا دورہ کیا تو میرے اہل خانہ اور دوست احباب مجھ سے متاثر ہوئے اور اب انہوں نے خود بھی عمرے کی ادائیگی کے لیے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اب جب مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ مجھ سے دوسرے متاثر ہوسکتے ہیں، اس لیے اب میں بھی اپنی تصاویر آپ سب کے ساتھ شیئر کر رہی ہوں۔
اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے اپنی عمرہ پاٹنر کا اس سفر میں ساتھ دینے کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔