غزہ کے علاقے دیر البلاح میں ورلڈ سینٹرل کچن کے عملے کے قافلے پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ورلڈ سینٹرل کچن نے تصدیق کی ہے کہ دیر البلاح میں اسرائیلی حملے میں ہمارے 7 ارکان مارے گئے۔
اسرائیلی حملے کےبعد ورلڈ سینٹرل کچن نے غزہ میں جاری آپریشنز فوری طور پر روکنے کا اعلان کر دیا۔
ورلڈ سینٹرل کچن کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ساتھ رابطے میں ہونے کے باوجود ہماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈبلیو سی کے کا کہنا ہے کہ یہ حملہ صرف ورلڈ سینٹرل کچن پر نہیں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں پر حملہ ہے۔
ورلڈسینٹرل کچن نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کی تنظیمیں سنگین حالات میں کام کر رہی ہیں۔
ڈبلیوسی کےکے مطابق غزہ میں خوراک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، یہ ناقابلِ معافی ہے۔
اسرائیلی بم باری سے ہلاک ہونے والے ورلڈ سینٹرل کچن کے اہلکاروں میں برطانیہ، پولینڈ اور آسٹریلیا کےشہری شامل ہیں۔
قبرص کی مذمت
دوسری جانب قبرص نے غزہ میں ورلڈ سینٹرل کچن کے قافلے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔
قبرص کی وزارتِ خارجہ نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ عالمی قانون کے تحت انسانی امداد کے کارکنوں کا ہمیشہ تحفظ کیا جانا چاہیے۔
قبرص کی وزارتِ خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ورلڈ سینٹرل کچن کے قافلے پر اسرائیلی حملے کی فوری اور جامع تحقیقات کی جائیں۔