فلسطین کی فتح پارٹی کے ترجمان عبدالفتاح دولہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے اندرونی مسائل میں ایران کی مداخلت ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔
رملہ سے فتح ترجمان عبدالفتاح دولہ نے اسکائی عربیہ کو انٹرویو کے دوران کہا کہ ایران فلسطینی علاقوں اور عرب ممالک میں انتشار پھیلا رہا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ایران خطے میں درپردہ جنگ لڑ رہا ہے جس کی بھینٹ فلسطینی قوم چڑھ رہی ہے۔
فتح ترجمان نے کہا کہ ایران اپنے مفادات اور رہنماؤں کا دفاع اور جوابی کارروائی میں ناکام رہا ہے اور اپنے دشمنوں سے بدلہ لینے کیلئے فلسطینی مزاحمتی گروپوں کو بطور ایندھن استعمال کرتا آیا ہے۔
فتح ترجمان کے مطابق ایران حماس اور اسلامی جہاد کو بھی اپنی درپردہ جنگ کی بھینٹ چڑھانے میں مصروف ہے۔ غزہ میں حماس کو ورغلا کر فلسطینیوں کیخلاف گہری اور ناپاک سازش کی گئی جس کا اسرائیل نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
انھوں نے کہا حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروپوں پر ایران کی زبانی جمع خرچ آشکار ہوچکی ہے۔ ایران حماس اور چند دیگر گروپوں کو عرب ممالک بالخصوص اردن کے خلاف اکسا رہا ہے۔
فتح ترجمان نے کہا ایران نے آج تک اسرائیل پر براہ راست گولی تک نہیں چلائی۔