راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ریجنل دفتر میں سیف سٹی پراجیکٹ پر متعلقہ اداروں کی موجودہ پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی فلائٹ لیفٹننٹ(ر)حافظ کامران اصغر، نمائندہ سیف سٹی حسنین سعید، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فیصل خالد، محمد عمارودیگر اداروں کے افسران ونمائندگا ن نے شرکت کی۔ شرکا ء نے اجلاس میں اپنے ادارے سے متعلقہ کام کے حوالے سے سیف سٹی پر اجیکٹ کی موجودہ پراگریس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔شرکا ء نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پراجیکٹ پر 70فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے، مزید تمام ادارے یکساں ہوکر پراجیکٹ کوجلد ازجلد مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے شرکا ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام متعلقہ ادارے بہترین معیار اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں، آئندہ ہفتہ واری بنیادوں پر پراجیکٹ کی پراگریس جانچنے کے لیے اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا، آر پی او نے مزید کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا جبکہ پراجیکٹ کے آغاز سے ٹریفک کے مسائل میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔