سونیا حسین نے ایوارڈ شو میں پیش آیا ناخوشگوار واقعہ سنا دیا

اداکارہ سونیا حسین —فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ کینیڈا میں منعقد ہونے والی ایوارڈ کی تقریب میں ان کے ساتھ ایک بہت ہی ناخوش گوار واقعہ پیش آیا تھا۔

سونیا حسین نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن میں اپنی بہنوں ثناء حسین اور صائمہ حسین کے ساتھ شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر اور نجی زندگی کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے شو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کینیڈا میں ایوارڈ شو کے دوران اپنے لباس کی وجہ سے پیش آنے والا ایک ناخوش گوار واقعہ سنایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں نے ایوارڈ شو میں شرکت کرنے کے لیے گلابی رنگ کی سیکوئن والی ایک خوبصورت ساڑھی پہنی تھی جس کے ساتھ کرسٹل ہالٹر بلاؤز تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ شو کے دوران کسی نے مجھے آواز دی تو جیسے ہی میں نے پیچھے مڑکر انہیں دیکھنے کی کوشش کی تو میرے بلاؤز کی ہالٹر لیس ٹوٹ گئی اور ٹھیک اسی لمحے شو کے میزبان علی رحمٰن اور یاسر حسین میری طرف آ گئے اور مجھ سے گانا گانے کی فرمائش کر دی۔

سونیا حسین نے کہا کہ اس وقت سب کیمرے مجھ پر تھے اس لیے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں اس صورتحال کو کیسے سنبھالوں پھر جلدی میں میرے ذہن میں بس یہ آیا کہ اپنی ساڑھی کے پلو کو لپیٹ لوں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت میں ساڑھی کا پلو لپیٹ کر اسٹیج پر گئی اور خود کو شرمندہ ہونے سے بچایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں