نیپرا کا اوور لوڈشیڈنگ میں ملوث ہر ڈسکو پر 5 کروڑ روپے جرمانہ


 نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مئی اور جون 2022 میں اوور لوڈشیڈنگ میں ملوث ہر ڈسکو پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے تمام ڈسکوز کی 2 بار سماعت بھی کی تھی، اتھارٹی نے تمام ڈسکوز کو اپنے دفاع کا بھرپور موقع بھی فراہم کیا تھا، تمام ڈسکوز کو ہدایت کی تھی پورا فیڈر بند کرنے کے بجائے جو بل ادا نہیں کرتے صرف ان کی بجلی بند کریں۔

اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی گرمیوں میں بھی ڈسکوز کمرشل بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ میں ملوث پائی گئیں، ڈسکوز اپنے لائن لاسز کم دکھانے کےلیے کمرشل لوڈشیڈنگ کا سہارا لیتی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کمرشل بنیادوں پر لوڈشیڈنگ نیپرا کے قانون کی خلاف ورزی ہے، ان ڈسکوز میں کمرشل بنیادوں پر 4 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی تھی،  2022 میں لوڈشیڈنگ پر نوٹس لیتے ہوئے ڈسکوز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی تھی۔

نیپرا کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے پر کمرشل بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ کرنے والی ڈسکوز پر جرمانہ کیا گیا، جرمانہ پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو)، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) ، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) اور کے الیکٹرک پر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں