فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت جامعات کے لیے بجٹ بڑھائیں۔
چیئرمین کیمپس کوآرڈینیشن کمیٹی ڈاکٹر جہاں بخت کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کے پی کو خط لکھا گیا ہے۔
خط میں ڈاکٹر جہاں بخت نے کہا ہے کہ پشاور یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی، انجنئیرنگ یونیورسٹی کو مالی مشکلات درپیش ہیں، 6 برسوں میں وفاق، صوبائی حکومت کی جانب سے کم فنڈز رکھنے سے بحران پیدا ہوا ہے، ملازمین کی بڑھتی تنخواہیں اورپنشن کے واجبات نے بھی مالی بحران پیدا کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کے پی کے کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گہا ہے کہ جامعات کے مالی بحران سے تعلیم اور یونیورسٹیوں کے وجود کو خطرہ ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ارشد خان کا اس سے متعلق کہنا ہے کہ جامعات خود مختار ادارے ہیں، مالی مشکلات خود حل کریں گے، جامعات میں ضرورت سے زیادہ بھرتیاں ہوئیں، اس لیے مالی مشکلات ہیں۔
اس مسئلے پر فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔
فپواسا کے مطابق عید کے بعد تمام جامعات کی اساتذہ تنظیموں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں جامعات کے مالی مسائل اور آئندہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے پر بحث ہو گی۔