کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے کسی ٹکٹ ملے گا، ٹورنامنٹ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعے کو کیا جائے گا۔ سلیکٹرز وہاب ریاض اور محمد یوسف ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں ، ٹیم کا اعلان پریس نفرنس کے بجائے پریس ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔ ٹیم میں دو ٹریول ریزرو اور پندرہ کھلاڑی شامل ہوں گے۔ اس وقت 17 کھلاڑی انگلینڈ کے دورے پر ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے پندرہ کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے لیکن نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن مزید کچھ وقت لینا چاہتے ہیں ۔ پندرہ رکنی ٹیم ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی ۔ بابر اعظم ( کپتان) فخر زمان ، ابرار احمد، شاداب خان ، عماد وسیم ، صائم ایوب ، افتخار احمد، شاہین شاہ آفریدی ، حارث رؤف ، عباس آفریدی ، محمد عامر، نسیم شاہ، محمد رضوان ، عثمان خان اور اعظم خان جبکہ سلمان علی خان اور عرفان نیازی ٹریول ریزرو ہونگے۔ آئی سی سی نے ٹیموں کے اعلان کے لئے حتمی تاریخ 24مئی مقرر کررکھی ہے۔ جمعرات کو پاکستانی کرکٹ ٹیم برمنگھم پہنچ گئی ، جمعے کو ایجبسٹن گراونڈ میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25مئی کو کھیلا جائے گا۔