پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سب جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو۔
لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مشکل سے نکالنے کے لیے تمام ادارے مثبت کردار ادا کریں، سیاستدان، پارلیمنٹ، افواج پاکستان، میڈیا سب مل کر مثبت کردار ادا کریں۔
نواز شریف نے کہا کہ جسے بھی مینڈیٹ ملا ہے اس کا احترام کرتے ہیں چاہے وہ پارٹی ہو یا آزاد امیدوار، ہم نے ماضی میں بھی پاکستان کو مالی مشکلات سے نکالا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی آنکھوں میں خوشی کی لہر اور چمک دیکھ رہا ہوں، اس ملک میں ایک روشن تبدیلی آنی چاہیے، مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، ملک کو بھنور سے نکالنے کی تدبیر کرنا ہمارا فرض ہے۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے کہ آج ہی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں،یہ آصف زرداری،فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں استحکام کے لیے کم از کم 10 سال چاہیے، روشنیاں پھر لوٹ آئیں گی، بے امنی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔