فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے الیکشن 2024 میں آر اوز کی جانب سے انتخابی قوانین پر عدم عملدرآمد کا جائزہ جاری کر دیا۔
فافن کے مطابق الیکشن ایکٹ کے تحت آر او کو فارم 47 امیدواروں، پولنگ ایجنٹس اور مجاز مبصرین کی موجودگی میں بنانا ہے۔
فافن کے مطابق مشاہدہ میں شامل 260 حلقوں میں سے 135 کے آر اوز نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ ریٹرننگ افسران کے اس عمل سے انتخابی شفافیت کیلئے الیکشن کمیشن کی کاوشیں متاثر ہوئیں۔
فافن نے کہا کہ آر اوز نے قومی اسمبلی کے135 حلقوں میں فافن مبصرین کو نتائج کی تیاری کا مشاہدہ نہیں کرنے دیا۔
مبصرین کو مشاہدہ سے روکے گئے انتخابی حلقوں میں سے 46 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار، مسلم لیگ ن کے 43 اور پیپلز پارٹی کے 28 امیدوار جیتے۔
فافن کے مطابق آر اوز نے 65 حلقوں کے نتائج کی تیاری میں انتخابی امیدواروں اور ان کے ایجنٹس کو جائزے سے روکا۔ ایسے حلقوں میں سے مسلم لیگ ن کے 25، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 24 اور پیپلز پارٹی کے 5 امیدوار جیتے۔
فافن کے مطابق رات 2 بجے تک نتائج تیاری کی قانونی مہلت پر صرف 4 انتخابی حلقوں میں عمل ہوا۔