9مئی کی طرح کام پر بندوبست 4گنا زیادہ ہوگا: محسن نقوی

لاہور ( سب تکرپورٹ)  وزیراعلیٰ  محسن نقوی نے گورو مانگٹ روڈ گلبرگ میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیسن ویئر ہاؤس کے توسیع و اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے میڈیکل ویئر ہاؤس کا دورہ کیا اور ادویات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سٹور کرنے کے نظام کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ادویات کو سٹورکرنے کا جدید نظام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔  محسن نقوی نے میڈیا   سے گفتگو میں کہا کہ اگر اب 9مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کی گئی تو اس کا بڑا سخت رد عمل آئے گا۔ ہم نہیں چاہتے کہ ایسے واقعات ہوں، ہماری ایسے واقعات سے نمٹنے کی بھرپور تیاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے پراسیس پر اگر کوئی شکایات ہیں توشکایت کنندہ کو اپنا قانونی حق استعمال کرنا چاہیے۔ 9مئی جیسے واقعات کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اس کی اجازت دیں گے۔ عوام گمراہ کرنے والوں سے بچیں۔ پرامن احتجاج حق ہے، کوئی نہیں روکے گا۔ 9مئی کی طرح کے کام کریں گے تو اس کا بندوبست 4 گنا زیادہ ہو گا۔ پنجاب کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ 9مئی جیسے واقعات دہرانے کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے اور یہ گفتگو پکڑی بھی گئی ہے۔ الیکشن خیر سے ہو چکے ہیں، سیاسی طریقے سے احتجاج حق ہے، کوئی روکے گا نہ ہمیں روکنا چاہیے۔ الیکشن کے بارے میں کوئی اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔ میرا ووٹ ماڈل ٹاؤن کی بجائے ریواز گارڈن میں تھا، میں اس پر الیکشن کمیشن کو لکھ رہا ہوں۔ نیٹ یا موبائل بند کرنا  وفاقی حکومت کا فیصلہ تھا، پولیس اور حکومت پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے، اس کے  سوا کوئی چارہ نہیں۔ پاکستان کو ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے مستحکم اور پائیدار حکومت ہونی چاہیے۔ دعا ہے کہ ملک روز بروز ترقی کرے اور آگے بڑھتا چلا جائے۔ آنے والے وزیراعلی کیلئے نئے خواہشات اور دعائیں ہیں۔ محسن نقوی نے میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔ دوسری جانب  جی او آر میں سابق نیول وار کالج کی جگہ کمشنر لاہور ڈویژن کا نیا آفس بن گیا۔ محسن نقوی نے افتتاح کردیا ہے۔  اپر مال، جی او آر ون، بروم ہیڈ عمارت کی بحالی اور تزئین و آرائش کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔  محسن نقوی نے کہا کہ نئے کمشنر آفس کو لاہور کی بہترین اورمرکزی جگہ پر منتقل کیا گیا ہے اور عوام کو نئے کمشنر آفس آنے جانے میں سہولت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں