عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں عظمیٰ بخاری

لاہور (آئی این پی ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ آج وزیراعلی کی ایک ماہ کی کارکردگی کا رپورٹ کارڈ لے کر آئی ہوں، پنجاب حکومت نے عام آدمی کی زندگی کو بہتر کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں، 64 لاکھ خاندانوں کو گھروں تک رمضان نگہبان پیکیج پہنچائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ماہ میں پنجاب کا پاورٹی سروے کرنے کا اعلان کیا ہے، تمام مستحقین کا ڈیٹا پنجاب حکومت اکٹھا کرے گی۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کوڑاکرکٹ اٹھانے کیلئے 90 روز کا پروگرام شروع کیا گیا تھا، کوڑا ختم نہیں ہوا اٹھانے کا پہلا فیز شروع کیا گیا ہے، ہم ٹائم لائن کے ساتھ چل رہے ہیں، کوڑا اٹھانے کے حوالے سے جدید نظام لایا جا رہا ہے، پہلی بار وزیراعلی مریم نواز کی حکومت میں ری سائیکل پلانٹ لگایا جائے گا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ کھیلتا پنجاب بھی وزیراعلی مریم نواز کا پروگرام ہے، ایک کھلاڑی وزیراعظم بنا، پنجاب اور کے پی میں کوئی نیا میدان نہیں بنایا، جو میدان بنے تھے ان کی بھی تباہی کر دی، نوازشریف آئی ٹی سٹی کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈے،کٹے اور مرغیوں والی حکومت چلی گئی، ہماری حکومت آئی ٹی سٹی اور ہسپتال بنائے گی، فری وائی فائی پروگرام شہبازشریف نے شروع کیا تھا، ایک حکومت آئی اور اس نے بند کر دیا، سیف سٹی بھی شہبازشریف نے شروع کیا تھا اس کی بھی تباہی اور بربادی کر دی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سیف سٹی کے کیمرے گزشتہ 3 سال بند رہے، اٹھارہ اضلاع میں جون تک سیف سٹی پراجیکٹ بننے جارہا ہے، اربوں روپے سے سڑکوں کی تعمیر ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں پنجاب کے اندر قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، وہ بھی لوگ تھے جو کہتے تھے ٹماٹر اور پیاز کی قیمت کم کرنے نہیں آئے، گرین پنجاب پروگرام شروع کیا گیا، پنجاب میں ایک دن میں 18 لاکھ پودے لگے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں