مرحوم اداکار ببو برال کے بیٹے کی مالی امداد کیلئے اپیل

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

پاکستانی اسٹیج ڈراموں، فلموں اور ٹی وی کے ذریعے لاکھوں چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے نامور اداکار ببو برال کے بیٹے نبیل برال نے مالی امداد کے لیے اپیل کی ہے۔

مرحوم اداکار ببو برال کے بیٹے نبیل برال کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نبیل برال کا ایک بازو نہیں اور دونوں ٹانگیں بھی زخمی ہیں۔

اُنہوں نے ویڈیو میں مالی امداد کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ میری عمر 30 سال ہے اور میں اپنے گھر کا کمانے والا اکیلا مرد ہوں میرے ساتھ میری والدہ اور دو چھوٹی بہنیں رہتی ہیں۔

نبیل برال نے بتایا کہ میں بہت بیمار ہوں اور سوشل میڈیا پر پہلے بھی ایک امداد کے لیے پوسٹ کی تھی لیکن اس پوسٹ کو کسی نے زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا کیونکہ شاید میں اس وقت اپنے زخم ویڈیو میں دکھانے سے ڈر رہا تھا۔

اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس وقت مالی امداد کی سخت ضرورت ہے، براہ کرم کوئی بھی حکومتی اتھارٹی، این جی او یا کوئی بھی مدد کرنا چاہے تو میری مدد کیجیے کیونکہ میرا ایک بازو نہیں ہے، حادثے میں کٹ گیا تھا، میں معذور ہوں اور میری دونوں ٹانگیں بھی جلی ہوئی ہیں، میں چل پھر نہیں سکتا کیونکہ میری ٹانگیں زیادہ وزن برداشت نہیں کرتیں۔

نبیل برال نے بتایا کہ میرے پاس کوئی نوکری بھی نہیں ہے کیونکہ میں زیادہ پڑھا لکھا نہیں ہوں تو براہ مہربانی میری مدد کیجیے اور اگر آپ میرے بارے میں کسی قسم کی کوئی تصدیق کرنا تو مجھ سے ملاقات کرسکتے ہیں یا پھر مجھ سے ویڈیو کال پر بھی بات کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں