معروف سفارتکار جوہر سلیم انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے صدر تعینات

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) معروف سفارتکار جوہر سلیم کو انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز (IRS) کا صدر تعینات کر دیا گیا۔ اس سے قبل ایمبیسڈر جوہر سلیم نے پاکستان فارن سروس کے اعلیٰ ترین عہدوں پر کام کیا ہے، جس میں سیکرٹری خارجہ، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ، ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی امور، اور فارن سروس اکیڈمی کے سربراہ کے عہدے شامل ہیں۔ وہ جرمنی، اٹلی، بوسنیا ہرزیگوینا اور بحرین میں پاکستان کے سفیر کے فرائض سر انجام دینے کے علاوہ FAO، IFAD اور WFP میں پاکستان کے مستقل نمائندے کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 2020 سے 2022 تک 38 رکنی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ لاءآرگنائزیشن (IDLO) کے منتخب صدر رہے ہیں۔ایمبیسڈر جوہر سلیم نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، پنسلوانیا یونیورسٹی اور جانز ہاپکنز میں انگریزی ادب، بین الاقوامی تعلقات اور بین الاقوامی معاشیات کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں فیلو شپ بھی کی۔ اس کے علاوہ، وہ یورپ اور امریکہ کی نامور یونیورسٹیوں کی وزٹنگ فیکلٹی کا حصہ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں