پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز کا کہنا ہے کہ موجودہ دور کے اداکاروں میں برداشت نہیں ہے۔
شگفتہ اعجاز نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں آنے والے نئے رجحانات پر بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ ماضی کے اداکاروں میں برداشت تھی، موجودہ اداکاروں میں برداشت بہت کم ہے، ماضی کے اداکاروں کے فن میں کمال تھا مگر اب اداکاروں میں وہ کمال اور پختگی نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ آج کے دور کے اداکاروں نے بہت کم وقت میں بہت زیادہ کامیابیاں اور مالی استحکام حاصل کیا اور انہیں سب کچھ مل گیا جبکہ ہم نے اس کامیابی کو حاصل کرنے میں کئی دہائیاں گزاریں۔
اُنہوں نے کہا کہ پرانے وقتوں میں اداکار کام کو ترجیح دیتے تھے اور ان کی توجہ اپنے ہنر پر ہوتی تھی اس لیے ان میں زیادہ خلفشار نہیں ہوتا تھا۔
شگفتہ اعجاز نے کہا کہ ہمارے پاکستانی ڈراموں میں کچھ بھارتی ڈراموں کا رنگ بھی آنا شروع ہوگیا تھا اور اب بھی وہ اس کے زیر اثر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کے کلاسک ڈرامے دوبارہ بنتے دیکھنا چاہتی ہوں۔