آزادی مارچ مقدمات:بانی پی ٹی آئی شاہ محمود شیخ رشید اوردیگر کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید ودیگر ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران نے بریت کی درخواست پر سماعت کی ۔سابق وفاقی وزیر شیخ رشید عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بریت کی درخواست دائر کی، شریک ملزمان علی نواز اعوان اور صداقت عباسی بھی عدالت پیش ہوئے۔پی ٹی آئی وکلا سردار مصروف ایڈووکیٹ ، آمنہ علی، رضوان اختر اعوان اور مرزا عاصم ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔سردار مصروف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سال فروری میں بریت کی درخواست دائر کی تھی ، ہم اس کیس میں دلائل دینا چاہتے ہیں۔جج ملک عمران نے ریمارکس دیئے کہ صداقت عباسی، علی نواز اعوان اور شیخ رشید کے چالان عدالت میں آگئے ہیں۔سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہاکہ یہ ایف آئی آر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت درج کی گئی ، اس مقدمے میں کوئی شواہد موجود نہیں ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج وغیرہ کچھ بھی موجود نہیں ہے ، متعلقہ بندے کی طرف سے مقدمہ درج کروایا ہی نہیں گیا۔پرویز خٹک، اسد قیصر،اسد عمر،علی امین گنڈاپور بھی شریک ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید و دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف آزادی مارچ سے متعلق تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں