وزیراعظم شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز (آئی ایم ایف) پروگرام کی شرائط آسان نہیں ہوں گی۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس مہینے آئی ایم ایف سے اگلی قسط مل جائے گی جبکہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے لیے وزیر خزانہ کی میٹنگ ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام کے لیے شرائط آسان نہیں ہوں گی تاہم آئی ایم ایف پروگرام معیشت کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، معاشی اعشاریوں میں بہتری اور مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے، معاشی استحکام سے ہی غربت کا خاتمہ ممکن ہے، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے شیڈول پر مکمل عمل درآمد ہوگا، ایئرپورٹس کے معاملے پر ترک کمپنی کا وفد پاکستان آئے گا، طے کیا تھا ممکنہ سرمایہ کاروں کو پاکستان بلائیں، ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا کام جاری ہے، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولتوں سے آراستہ کریں گے۔