سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے آزاد امیدواروں کے پارٹی میں شمولیت سے متعلق قانون کی وضاحت کردی۔
سب تک نیوز سے گفتگو میں کنور دلشاد نے کہا کہ اگر کسی جماعت کے پاس انتخابی نشان ہو اور وہ الیکشن کے دوران کوئی سیٹ نہ جیت سکی ہو تو بھی آزاد امیدوار اس جماعت میں شامل ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن شیڈول کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستوں کےلیے اپنی فہرست دینی ہوتی ہے۔
سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا کہ الیکشن 2024ء کے لیے مخصوص نشستوں کےلیے فہرست دینے کی تاریخ 13 تا 17 جنوری مقرر کی گئی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر کسی جماعت نے پہلے مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرست نہیں دی تو وہ اب دینے کی مجاز نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے جبکہ مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے۔
الیکشن 2024 کے دوران قومی اسمبلی کی 92 نشستوں پر پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا میں سادہ اکثریت سے زیادہ نشستیں ملی ہیں جبکہ پنجاب میں اس کے حمایت یافتہ امیدوار بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں۔