اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+اپنے سٹاف رپورٹر سے) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ تین سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہمارا سیاسی اتحاد نہیں ہو سکتا۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کیونکہ یہ ہماری سیٹیں ہیں، کراچی کی22 سیٹوں میں سے تین سیٹیں یہ لوگ جیت چکے ہیں، باقی ہمارے سیٹیں ہیں، 15 نشستیں ایم کیو ایم اور چار پیپلز پارٹی کے پاس ہماری گئی ہیں، کسی کے ساتھ صفر اور کسی کے ساتھ ایک ملا کر یہ سارے جتوائے گئے ہیں، جس طرح سے فیصلے ہوئے تمام غیر قانونی تھے، قانون کی بالادستی پر یقین کرتے ہیں۔ عدلیہ پر ہمیں اعتماد ہے اور احترام کرتے ہیں، عدلیہ جب ان کیسز کو دیکھے گی تو سارے ختم ہو جائیں گے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے 6 اپریل کو پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں لیلۃ القدر کے حصول کی جستجو کے پیش نظر 6 اپریل 2024ء کو جلسے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔