اماراتی قونصل جنرل نے لاڑکانہ میں اسپتال، دادو میں متاثرین سیلاب کی ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کر دیا


متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے لاڑکانہ میں جدید طرز کے اسپتال اور دادو میں سیلاب متاثرین کیلئے ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کر دیا۔ 

یو اے ای حکومت کے تحت تیار کردہ ہاؤسنگ اسکیم کے افتتاح کے موقع پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کے ہمراہ ہلال احمر یو اے ای کے جنرل سیکریٹری راشد مبارک المنصوری اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

راشد مبارک المنصوری نے میڈیا کو بتایا کہ لاڑکانہ میں اسپتال کی او پی ڈی بلڈنگ کو جدید طرز پر بنایا گیا ہے۔ اسپتال میں ڈاکٹرز کیلئے ہاسٹل کی عمارت بھی تعمیر کی گئی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں مریضوں کا بہترین علاج بلامعاوضہ کیا جائے گا۔ راشد مبارک المنصوری نے مزید بتایا کہ سندھ کے سیلاب متاثرین چھت سے محروم ہیں ان کو چھت مہیا کرنا یو اے ای حکومت اپنا فرض سمجھتی ہے۔

 سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو گھر ملنا ان کا حق ہے جو وہ سیلاب میں کھو چکے تھے۔ ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین ایک بہتر طرز زندگی گزار سکیں گے۔ 

ہاؤسنگ اسکیم سے متاثرین کی بحالی میں آسانی پیدا ہو پائے گی۔ قونصل جنرل یو اے ای کراچی بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے صحت کے سیکٹر میں اسپتال کے قیام کا وعدہ پورا کر دیا۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہلال احمر پاکستان میں سیلاب متاثرین اور رمضان میں راشن تقسیم کرنے میں پیش پیش رہتا ہے۔ ہلال احمر پاکستان میں صحت کے نظام کو بین الاقوامی سطح پر لانے لانے کیلئے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یو اے ای حکومت کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ہاؤسنگ اسکیم ایک اور تحفہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت، پاکستانی عوام کی ہر مشکل سے واقف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں